ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش: چلتی ٹرین میں آگ لگنے سے متعدد مسافروں نے چھلانگ لگا کر جان بچائی

مدھیہ پردیش: چلتی ٹرین میں آگ لگنے سے متعدد مسافروں نے چھلانگ لگا کر جان بچائی

Mon, 28 Oct 2024 10:48:25  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 28/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان میں ٹرین حادثات کا سلسلہ جاری ہے، اور تازہ ترین واقعہ مدھیہ پردیش میں اتوار کو پیش آیا جب ایک چلتی ٹرین میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے نے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا، جس کے نتیجے میں کئی مسافروں نے اپنی جان بچانے کے لیے ٹرین سے چھلانگ لگا دی۔ یہ ٹرین انڈور سے رتلام کی جانب رواں دواں تھی۔ مغربی ریلوے کے حکام نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔

مغربی ریلوے کے رتلام ڈویژن کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر (سی پی آر او) کے بیان کے مطابق، آگ اتوار شام 5:20 پر ٹرین نمبر 09347 ڈاکٹر امبیڈکر نگر-رتلام ڈی ایم یو ٹرین میں بھڑک اٹھی۔ آگ کا مقام رونیجا اور ناگاؤں کے درمیان تھا۔ واقعے کے فوری بعد فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ مقامی افراد اور ریلوے عملے کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آگ ٹرین کے انجن میں بھڑکی جب کہ اس وقت ٹرین رونیجا اور پریتم نگر کے درمیان تھی۔ تاہم، فائر بریگیڈ کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں دشواری پیش آئی، جس کے بعد مقامی کسانوں نے اپنی موٹر پمپ اور پائپ کے ذریعے آگ بجھانے میں مدد فراہم کی۔ مقامی لوگوں کی فوری کارروائی کے باعث آگ کو جلد ہی قابو میں کر لیا گیا۔

آگ بجھانے کے بعد ٹرین کو رتلام لے جانے کے لئے ایک دوسرے انجن کا استعمال کیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کی سلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے اس حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔


Share: